سہیل آفریدی صدر ، وزیراعظم سے ملاقات کر کے عمران خان کیلئے راہ ہموار کریں فیصل واوڈا

اب ایک پارٹی کی جانب سے ہلچل مچانے کی کوشش کی جائے گی،کچھ لوگ ایک پارٹی کی سوچ سے چل رہے تھے، کوئی نیوٹرل نہیں ہوتا
 جب پاکستان کی بقا کی بات ہوگی تو پھرترمیم اور چیزیں تیز ہوں گی، پی ٹی آئی  والے سوشل میڈیا پر کچھ اور اندر ڈرامہ کرتے ہیں،  ساتھ سچ بولنا چاہئے
 اپوزیشن کے واک آئو ٹ کا مقصد رضا مندی ہوتا ہے، اپوزیشن اس حکومت کی ضمانتی ہے، ترامیم نہیں رکیں گی:صحافیوں سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )سینیٹر فیصل واوڈا نے وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے  وہ وزیر اعظم اور صدرِ مملکت سے ملاقات کریں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کیلئے  راہ ہموار کریں۔پارلیمنٹ ہائو س کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ سیف اللہ ابڑو اور احمد ملک ان کے بھائی ہیں، ابھی ان کے ساتھ ناشتہ کر کے آرہا ہوں۔ صحافی نے سوال کیا کہ ناشتہ کہاں کیا ؟ جس پر واوڈا نے جواب دیا کہ وہ دونوں اس وقت میرے گھر میں ہیں،  ووٹ دیں گے، ایک نہیں بلکہ مزید تین لوگ بھی ووٹ دینے کو تیار ہیں۔صحافی کے مزید سوال پر انہوں نے بتایا کہ وہ تین افراد پارلیمنٹ میں موجود ہیں۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہمیں لکھنے پڑھنے کی عادت نہیں، غلطیاں ہو جاتی ہیں، یہ ہمارا جمہوری حق ہے۔ قومہ، فل اسٹاپ کی غلطیاں درست کر کے دوبارہ پیش کر دیں، آج مٹھائی بنتی ہی نہیں۔فیصل واوڈا نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے امن جرگہ اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو اعتماد میں لینا چاہیے‘انہوں نے کہا کوئی نیوٹرل نہیں ہوتاکسی نہ کسی کی سائیڈ ضرور لیتا ہے، جب پاکستان کی بقا کی بات ہوگی تو پھرترمیم اور چیزیں تیز ہوں گی‘انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے واک آئو ٹ کا مقصد رضا مندی ہوتا ہے، اپوزیشن اس حکومت کی ضمانتی ہے، ترامیم نہیں رکیں گی تحریک انصاف کے بندے کم پڑجائیں گے۔