مقبول ہونے کا مطلب قانون سے بالاتر ہونا نہیں ،پی ٹی آئی کو20جنوری کومایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور سینیٹرفیصل واوڈا نے کہا ہے کہ190ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان سزا سے نہیں بچ سکتے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹرفیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما عمران خان کیخلاف سازشوں میں ملوث ہیں اور خود بانی کوجیل میں رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈا کیا گیا عمران خان سے بیک ڈور مذاکرات ہو رہے ہیں، کہا گیا بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ مذاکرات کو لیڈ کر رہی ہیں۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 190ملین پاؤنڈ سے متعلق بانی کوکہا تھا یہ نہ کریں، بانی پی ٹی آئی نے دستخط کیے تھے، کس نے یہ کروایا تواب کوئی نہیں مانے گا، ساڑھے چارسال پہلے جرم آپ نے کیا اس وقت بھی عمران خان کوروکا تھا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غنڈہ گردی اوردھرنے کرکے دیکھ لیے، کوئی فائدہ نہیں ہوا، بانی پی ٹی آئی سے بارہا کہا کہ حواری آپ کونہ صرف قید میں رکھنا بل کہ مروانا چاہتے ہیں،بیرون ممالک کے دباؤ کا جوپروپیگنڈا کیا جارہا تھا وہ تھم گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا ضرورہوگی، 190ملین پاؤنڈ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، پی ٹی آئی کو20جنوری کومایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، یہ واضح ہے کہ نہ بیرونی دباؤ ہے اور نہ بیک ڈورمذاکرات ہو رہے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبول ہونے کا مطلب قانون سے بالاتر ہونا نہیں ہے، مذاکرات کا سب سے بڑا حامی ہوں، جمہوریت کا حسن ہی بات چیت ہے، مذاکرات میں بے ایمانی نہیں ہونی چاہیے، پی ٹی آئی والے مذاکرات کے مزے لے رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کوکوئی ایگزیکٹوآرڈرنہیں ملے گا۔