ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنا لیے اور انگلینڈ کے خلاف 356 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 142 اور ایلکس کیری 52 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ٹریوس ہیڈ کی سنچری کی خاص بات یہ تھی کہ 99 رنز پر ہیری بروک نے ان کا کیچ ڈراپ کر دیا تھا، تاہم انہوں نے سنچری مکمل کی اور شائقین کی زبردست تعریف حاصل کی۔دوسرے بلے بازوں کی کارکردگی میں عثمان خواجہ 40، مارنس لبوشین 13، کیمرون گرین 7 اور جیک ویدرالڈ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 2 جبکہ برائیڈن کارس اور ول جیکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل انگلینڈ نے آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے 371 رنز کے جواب میں 286 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز مکمل کی تھی، جس میں کپتان بین اسٹوکس 83 اور جوفرا آرچر 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں ایلکس کیری نے سنچری سکور کی تھی، اور یہ پہلا موقع ہے کہ جنوبی آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے دو بلے بازوں نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں سنچری سکور کی ہو۔