پینک بٹن اور ویمن سیفٹی ایپ سے متعلق آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز

لاہور (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ماڈل ٹاؤن ڈویڑن میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پینک بٹن اور ویمن سیفٹی ایپ سے متعلق آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہیترجمان کے مطابق اس مہم کی قیادت ایس پی ماڈل ٹاؤن سیدہ شہربانو نقوی کر رہی ہیں۔آگاہی مہم کے تحت اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلبہ و طالبات کو پینک بٹن اور ویمن سیفٹی ایپ کے استعمال، افادیت اور طریقہ کار سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ مہم میں سرکل افسران اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔طلبہ کو پولیس ایمرجنسی سروس 15 کے درست استعمال اور پولیس کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات کو اپنی حفاظت کیلئے ویمن سیفٹی ایپ اور پینک بٹن کے مؤثر استعمال سے متعلق عملی معلومات فراہم کی گئیں۔ایس پی ماڈل ٹاؤن سیدہ شہربانو نقوی کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد عوام الناس کو پولیس کے جدید سسٹم سے متعارف کروانا اور خواتین و بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پینک بٹن اور ویمن سیفٹی ایپ خواتین کے تحفظ کیلئے ایک اہم اور مؤثر اقدام ہے، جس سے بروقت پولیس مدد ممکن بنائی جا سکتی ہے۔