خواتین کیلئے مشترکہ کچن بھی قائم ، طاہر اقبال نے افتتاح کردیا
پاکپتن (خصوصی رپورٹ)قبولہ شریف کے نواحی علاقہ فرید شاہ میں پورے گا ئوں کیلئے مفت سانجھا چولہا چلانے کے مقصد سیجدید بائیو گیس پلانٹ نصب کر دیا گیا۔بائیو گیس پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح سیاسی و سماجی شخصیت چودھری طاہر اقبال جٹ نے کیا۔ گا ئوں کی تمام خواتین کیلئے مشترکہ کچن (سانجھا چولہا)بھی قائم کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت گا ئوں کی خواتین صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک مفت گیس استعمال کر کے کھانا تیار کر سکیں گی، سانجھا چولہا کی افتتاحی تقریب میں علاقہ مکینوں، معززینِ علاقہ، کسانوں اور مقامی نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ بائیو گیس منصوبہ ماحول دوست پروگرام ‘‘سانجھا چولہا’’ کے تحت مکمل کیا گیا ہے، جس کا مقصد دیہی علاقوں میں سبز، سستی اور پائیدار توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طاہر اقبال جٹ نے کہا کہ بائیو گیس پلانٹ نہ صرف توانائی کی ضروریات پوری کرے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی کا باعث بھی بنے گا،اس منصوبے سے گھریلو سطح پر صاف اور سستی توانائی دستیاب ہوگی۔انہوں نے عام کسانوں سے اپیل کی کہ وہ کمیونٹی کی سطح پر گوبر سے بائیو گیس تیار کریں تاکہ توانائی کے ساتھ ساتھ نامیاتی کھاد بھی حاصل کی جا سکے، جو زرعی پیداوار میں بہتری کا باعث بنے گی۔افتتاح کے بعد معززینِ علاقہ کو بائیو گیس پلانٹ کا تفصیلی معائنہ کروایا گیا۔