بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کا مداح سے مبینہ بدسلوکی کا واقعہ، سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل

بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کا مداح سے مبینہ بدسلوکی کا واقعہ، سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل

بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ ایک بار پھر مبینہ متنازع رویے کے باعث سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

 مداح کے ساتھ بدتمیزی کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مداح بمراہ کے ساتھ ویڈیو بنانے کی کوشش کرتا ہے، جس پر فاسٹ بولر برہم ہو جاتے ہیں۔ مبینہ طور پر بمراہ نے غصے میں مداح کا موبائل فون چھیننے کی کوشش کی اور فون پھینک دینے کی دھمکی بھی دی۔واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی کو تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ کئی صارفین نے بمراہ کے رویے کو غرور اور تکبر قرار دیا، تاہم کچھ افراد کا کہنا تھا کہ مداح کو بھی ذاتی حدود کا خیال رکھنا چاہیے تھا، لیکن اس کے باوجود کھلاڑی کا ردِعمل مناسب نہیں تھا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب جسپریت بمراہ پر بدسلوکی کا الزام سامنے آیا ہو۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ایک تنازع اس وقت پیدا ہوا تھا جب اسٹمپ مائیک میں ان کی آواز ریکارڈ ہوئی، جس میں انہوں نے پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما کے لیے مبینہ طور پر توہین آمیز لفظ استعمال کیا تھا۔ اس واقعے پر بھی بمراہ کے خلاف کوئی بڑی کارروائی سامنے نہیں آئی تھی۔کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کا رویہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، تاہم تاحال نہ تو ان کی معطلی، نہ جرمانے اور نہ ہی بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کسی باضابطہ سرزنش کی اطلاع سامنے آئی ہے۔واقعے کے بعد بھارتی فاسٹ بولر کی شخصیت اور میدان کے اندر و باہر ان کے رویے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔