جسپریت بمراہ کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک، کمر کی انجری کا سامنا

جسپریت بمراہ کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک، کمر کی انجری کا سامنا

بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

 آسٹریلیا کے حالیہ دورے کے اختتام پر بمراہ کو کمر میں درد کا سامنا ہوا، جس کی وجہ سے وہ بارڈر-گواسکر ٹرافی کے آخری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بالنگ نہ کر سکے۔سڈنی ٹیسٹ کے دوران بمراہ نے لنچ کے فوراً بعد ایک اوور پھینکا اور پھر باہر چلے گئے، جہاں ساتھی کھلاڑی پراسدھ کرشنا نے بتایا کہ بمراہ کو بیک اسپیزم کا سامنا تھا اور وہ اسکینز کے لیے گئے ہیں۔ بھارتی کرکٹر نے اس سیریز میں 152.1 اوورز کرائے اور 32 وکٹیں حاصل کیں، جس سے ان کا ورک لوڈ تشویشناک رہا۔

سلیکٹرز اور میڈیکل ٹیم بمراہ کو انگلینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز سے آرام دینے کا سوچ رہے ہیں تاکہ وہ چیمپئنز ٹرافی تک مکمل فٹ ہو سکیں۔ تاہم، بمراہ کی انجری کی نوعیت کی بنا پر ان کی ٹورنامنٹ میں شرکت کا فیصلہ انجری کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔اگر بمراہ کو گریڈ 1 کی انجری ہوئی ہے تو ان کی ریکوری 2 سے 3 ہفتے میں ہو سکتی ہے، گریڈ 2 کی انجری کی صورت میں یہ مدت 6 ہفتے تک جا سکتی ہے، جبکہ گریڈ 3 کی انجری کی صورت میں انہیں 3 ماہ تک کھیل سے باہر رہنا پڑ سکتا ہے۔