خوراک، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں بحرینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں:آصف زرداری کی بحرین کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں،پاکستان بحرین کیساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے۔ بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر ن یصدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی ملاقات میں شریک تھے۔ملاقات میں صدر مملکت نے بحرین کو یو این سکیورٹی کونسل کی رکنیت پر مبارکباد دی، صدر مملکت نے خوراک، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں بحرینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستان بحرین کیساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے،بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں،بحرین کی لیڈر شپ کا حالیہ دورہ پاکستان اور ان کا پرتپاک استقبال تعلقات کی گہرائی کا عکاس ہے۔