صدر آصف علی زرداری اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفۃ کی اہم ملاقات‘ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صحت، آئی ٹی اور سیاحت میں تعاون بڑھانے پر زور
صدر نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی‘دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو پاک‘بحرین تعلقات کا اہم ستون قرار دیا گیا
منامہ ( آن لائن ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خ حلیفضہ سے منامہ میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ قصر القضیبیہ آمد پر صدر مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری کو بحرین کا اعلیٰ ترین ایوارڈ وسام الشیخ عیسی بن سلمان آل خلیفضہ من الدرجۃ الیول عطا کیا گیا، جو دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کے فروغ اور گرانقدر خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ون آن ون بات چیت کی اور تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، زراعت، آئی ٹی، صحت، سیاحت اور انفراسٹرکچر میں مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ صدر مملکت نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو پاک–بحرین تعلقات کا اہم ستون قرار دیا گیا، جبکہ عالمی و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اتحاد و تحمل پر زور دیا گیا۔ صدر مملکت نے بحرین میں مقیم ایک لاکھ سولہ ہزار پاکستانیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے پر اظہار تشکر بھی کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقوامِ متحدہ سمیت عالمی فورمز پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور کنگ حمد یونیورسٹی اسلام آباد کو پاک–بحرین دوستی کی علامت قرار دیا۔صدر مملکت اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلفۃ نے بحرین میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دوطرفہ تعلقات کا مضبوط پل ہے، صدر مملکت نے بحرین میں مقیم ایک لاکھ 16 ہزار پاکستانیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے پر تشکر کا اظہار کیا۔