بانی پی ٹی آئی کیساتھ ڈیل کیلئے دوبار کوششیں کی گئیں ‘ وہ تیار نہیں رانا ثناء اللہ

 ایک موقع پر بانی  ڈیل پر راضی ہو گئے تھے لیکن پھر اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے ، سیاست راستہ نکالنے کا نام ہے لیکن بانی پی ٹی آئی کا رویہ ہٹ دھرمی پر مبنی ہے 
 جب تک بانی  کو  احساس نہیں ہوگا  ملک میں کوئی انقلاب نہیں آ رہا، تب تک تیسری کوشش کا کوئی فائدہ نہیں، سسٹم چلنے دیں اس میں سے راستہ نکالیں
 اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا ہے  بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل کے لئے اب تک دو بار سنجیدہ کوششیں کی جا چکی ہیں لیکن وہ کسی صورت راستہ نکالنے پر تیار نہیں ہیں۔ ایک   انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ ڈیل کی پہلی سنجیدہ کوشش محسن نقوی اور علی امین گنڈا پور نے 26 نومبر کے احتجاج سے قبل اور بعد میں کی، جبکہ دوسری کوشش بیرون ملک سے آئے چند افراد نے کی جن کا بانی پی ٹی آئی سے قریبی تعلق تھا۔رانا ثنا اللہ نے دعوی کیا کہ ایک موقع پر بانی پی ٹی آئی ڈیل پر راضی ہو گئے تھے لیکن پھر اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سیاست راستہ نکالنے کا نام ہے لیکن بانی پی ٹی آئی کا رویہ ہٹ دھرمی پر مبنی ہے جسے وہ "ڈٹ کر کھڑے ہونا کہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی شرائط کسی کے لیے بھی قابل قبول نہیں ہیں کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ "آپ میری جگہ آ جائیں اور میں آپ کی جگہ آ جاتا ہوں، اب یہ توکوئی بھی قبول نہیں کریگاکہ کوئی اس کی جگہ لے لے۔مشیر سیاسی امور نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی کو یہ احساس نہیں ہوگا کہ ملک میں کوئی انقلاب نہیں آ رہا، تب تک تیسری کوشش کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیل کی تمام کوششیں حکومت کے علم میں تھیں کیونکہ حکومت کے بغیر ایسا ہونا ممکن نہیں، بانی کو وہی کہتے ہیں جو وہ ہمیں کہتے تھے، سسٹم چلنے دیں اس میں سے راستہ نکالیں۔