18 ویں ترمیم میں بہتری کیلئے آئین کا راستہ کھلا ہے، ہمارے موقف پر بات ہونی چاہیے رانا ثناء اللہ

ہر رکن کو اظہار رائے کا اختیار ہے ‘ خواجہ آصف نے کب کہا  انہوں نے پارٹی پالیسی دی ہے ،جب تک ضلعی حکومت کو بااختیار نہیں بنایا جائیگا مسائل حل نہیں ہوں گے 
عمران خان ہر ملاقات کو ریاست اور اداروں کیخلاف استعمال کرتے رہے ہیں‘ گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات ہونی چاہیے‘  پورا احتساب  کیا جائے
اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے  اٹھارویں ترمیم اتفاق رائے سے ہوئی ہے لیکن اس میں دوبارہ اتفاق رائے سے بہتری ہوسکتی ہے اور بہتری کا راستہ پورے آئین میں کھلا ہے۔ایک انٹرویو میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ گل پلازہ کی منزلوں کی منظوری کس نے دی اور کب بنی، اس کا  پورا احتساب ہونا چاہیے۔پی ٹی آئی سے متعلق انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر ملاقات کو ریاست اور اداروں کے خلاف استعمال کرتے رہے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملاقات کا طریقہ کار طے کردیا ہے۔رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ضلعی حکومتوں کو بااختیار بنانا چاہیے کیونکہ ضلعی حکومت کو بااختیار بنانا آئینی تقاضا ہے اور جب تک ضلعی حکومت کو بااختیار نہیں بنایا جائیگا لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔خواجہ آصف کے بیان پر انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں خواجہ آصف نے ذاتی رائے دی اور اسمبلی میں کسی کو بات سے روکنا مناسب نہیں، آپ اس کا جواب دیں لہذا ذاتی رائے کو ذاتی ہی رہنا چاہیے، ہر رکن کو اظہار رائے کا اختیار ہے اور ویسے بھی خواجہ آصف نے کب کہا کہ انہوں نے پارٹی پالیسی دی ہے، انہوں نے ذاتی رائے دی ہے