ممتا کلکرنی کا بالی ووڈ واپسی سے انکار، روحانی سفر اور ذاتی زندگی پر گفتگو

ممتا کلکرنی کا بالی ووڈ واپسی سے انکار، روحانی سفر اور ذاتی زندگی پر گفتگو

ماضی کی مقبول بالی ووڈ اداکارہ ممتا کلکرنی نے اپنی اداکاری کے دنوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بالی ووڈ میں واپسی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حال ہی میں برسوں بعد بھارت واپس لوٹنے والی ممتا کلکرنی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ اب فلمی دنیا کا حصہ نہیں بننا چاہتیں۔ ان کا کہنا تھا، "میں بالی ووڈ کے لیے واپس نہیں آئی اور نہ ہی ایک اداکارہ کے طور پر واپسی کا ارادہ رکھتی ہوں۔"

وکی گوسوامی سے تعلقات پر وضاحت
ممتا نے اپنے سابقہ پارٹنر وکی گوسوامی اور ان کے ساتھ منشیات سے جڑے الزامات پر کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وکی کے ساتھ ان کا رشتہ ختم ہوچکا ہے اور وہ منشیات کی دنیا سے کبھی وابستہ نہیں رہیں۔ "میرا روحانی سفر 1996 میں شروع ہوا جب میرے گرو میری زندگی میں آئے۔ وکی سے آخری بار 2016 میں بات ہوئی تھی، اور تب سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں۔"

زندگی کے نئے رخ
اداکارہ نے بتایا کہ وہ 2016 سے 2024 تک مکمل طور پر روحانی سفر سے جڑی رہیں اور اپنی زندگی کو "تپسیا" کے لیے وقف کیا۔ ممتا کا مزید کہنا تھا کہ وہ 2012 میں کمبھ میلے کے لیے بھارت آئیں، لیکن صرف 10 دن بعد دبئی واپس چلی گئیں۔

شوبز کی دنیا سے علیحدگی
ممتا کلکرنی نے سلمان خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ فلمیں "کرن ارجن" اور "بازی" میں کام کرکے شہرت حاصل کی تھی۔ تاہم، 2000 میں بھارت چھوڑنے کے بعد انہوں نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔اب، 2024 میں بھارت واپس آتے ہوئے ممتا کلکرنی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنے ماضی کو چھوڑ کر روحانی زندگی گزارنے کے لیے پرعزم ہیں۔