دودھ گرم کرنے کے لیے کمرے میں رکھے سلنڈر کو چلایا جو دھماکے سے پھٹ گیا اور آگ پھیل گئی،دوبچے اورباپ موقع پردم توڑ گئے ،شدید زخمی ماں نے ہسپتال میں دم توڑا
بورے والا(خصوصی رپورٹ) بورے والا میں کمرے کے اندر گیس سلنڈر پھٹنے سے 4افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق بورے والا ریسکیو 1122 نے بتایا کہ گھر کے اندر کمرے میں سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 4افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جن میں دو معصوم بچے اور ان کے والد شامل ہیں جب کہ بچوں کی ماں کو تشویش ناک حالت میں ملتان نشتر ہسپتال ریفر کیا گیاجو بعد ازاں جانبر نہ ہو سکی۔بتایا گیا کہ یہ واقعہ فرید ٹائون کے علاقے میں پیش آیا جہاں دانش اپنی فیملی کے ساتھ سو رہا تھا اور6ماہ کے بچے کے لیے دودھ گرم کرنے کی غرض سے کمرے میں سلنڈر کو چلایا گیا جو دھماکے سے پھٹ گیا اور کمرے میں آگ پھیل گئی جس کی زد میں آکر تین افراد جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، بچوں کی ماں ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بوریوالا میں سلنڈر پھٹنے سے کمسن بچوں اور میاں بیوی کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیااور سو گوار خاندان سے اظہار ہمدردی کی، وزیر اعلیٰ نے کمشنر ملتان سے رپورٹ طلب کی ،وزیر اعلیٰ نے صوبہ بھر میں ناقص سلنڈر پر پابندی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی۔