شکرگڑھ:چھت گرنے سے ماں ، 2بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق

 لدھڑ میں وقاص مٹھو مکان بنارہاتھا،لینٹر ڈالتے ہوئے چھت اچانک گرگئی 
 صدف، رفاقت، 10 سالہ حمید اور 6 سالہ شانزے موقع پر ہی دم توڑ گئے 
 شکرگڑھ،چک امرو (خصوصی رپورٹ)زیرتعمیر مکان کی چھت گرنے سے ماں 2بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے،بتایاگیاہیکہ شکرگڑھ کے نواحی گائوں لدھڑ میں وقاص مٹھو کے زیر تعمیر مکان کی چھت پر لینٹر ڈالا جارہا تھاکہ اوور لوڈنگ کے باعث چھت اچانک زمین بوس ہو گئی اور 6 افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں ،ریسکیو آپریشن کے دوران 2 بچوں ڈیڑھ سالہ ہادیہ اور 7ماہ کے محمد فراز کو زندہ نکال لیا گیا، جنہیں معمولی زخم آئے۔حادثے میں 32 سالہ صدف، 45 سالہ رفاقت، 10 سالہ حمید اور 6 سالہ شانزے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ تمام زخمیوں اور متاثرین کو ٹی ایچ کیوہسپتال شکرگڑھ منتقل کر دیا گیا۔جاں بحق ہونیوالی ماں اور بچے مہمان آئے ہوئے تھے ، ادھر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سو گوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورمتعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو تمام ممکنہ بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔