امریکا کون ہوتا ہے پابندی لگانے والا، وہ خود ہیرو شیما پر میزائل استعمال کرچکا ہے: حافظ نعیم الرحمٰن

امریکا کون ہوتا ہے پابندی لگانے والا، وہ خود ہیرو شیما پر میزائل استعمال کرچکا ہے: حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے امریکا کی جانب سے پاکستان کی چار نجی کمپنیوں پر پابندی لگانے کی مذمت کی ہے۔

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کا یہ اقدام قابلِ مذمت ہے، کیونکہ امریکا نے خود جنگوں میں لاکھوں افراد کی جان لی ہے، جیسے ہیروشیما پر بمباری، عراق میں ایٹمی ہتھیاروں کا دعویٰ اور افغانستان و ویتنام میں تباہی مچائی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو بلین ڈالرز کی سپورٹ کرنے والے امریکا کو کسی دوسرے ملک کی نجی کمپنیوں پر پابندی لگانے کا کوئی حق نہیں۔حافظ نعیم الرحمٰن نے غزہ میں اسرائیلی ظلم کی بھی مذمت کی اور کہا کہ غزہ میں دہشت گرد اسرائیل نے نسل کشی شروع کر رکھی ہے اور 45 ہزار لاشوں کے باوجود ملبے تلے سینکڑوں افراد اب بھی شہید ہو چکے ہیں۔

 انہوں نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے خلاف آواز اٹھائیں اور غزہ میں انسانی امداد کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے 29 دسمبر کو اسلام آباد میں ملین مارچ کی کال بھی دی اور کہا کہ یہ مارچ انسانیت کے خلاف جنگ کو روکنے کے لیے ہوگا۔اس کے علاوہ، حافظ نعیم الرحمٰن نے پاکستان کی موجودہ اقتصادی صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ ملک کی زراعت کی حالت بہت خراب ہے، اور حکومت آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے جس سے مافیاز کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کسانوں کی حالت زار پر بھی بات کی اور کہا کہ شوگر مافیا اور مڈل مین اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں۔