محکمہ موسمیات نے لاہور اور دیگر شہروں میں موسم کی پیشگوئی کی ہے جس میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
24 اور 25 دسمبر کو لاہور میں مزید ٹھنڈی ہواؤں کی لہر متوقع ہے، تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 257 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث شہر فضائی آلودگی میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوائیں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں یہ 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
کراچی کا فضائی معیار بھی مضر صحت قرار دیا گیا ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دسویں نمبر پر ہے۔بلوچستان میں موسم خشک اور شدید سردی کا رہے گا، جہاں کوئٹہ کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ قلات، ژوب اور زیارت میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا ہے۔ دیگر علاقوں میں بھی سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی اور فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔