شام پر پابندیوں کا خاتمہ بے پناہ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اہم :شامی ایلچی

پابندیوں اور انسداد دہشت گردی اقدامات سے انسانی ہمدردی کے اقدامات متاثر نہیں ہونے چاہئیں، سلامتی کونسل کو بریفنگ
نیویارک (آئی این پی ) شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن نے کہا ہے کہ شام میں جامع سیاسی منتقلی کے لیے ٹھوس تحریک اس بات کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی کہ ملک کو وہ معاشی مدد ملے جس کی اسے ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بات چیت کے لیے واضح آمادگی پائی جاتی ہے، ضروریات بہت زیادہ ہیں اور صرف وسیع حمایت کے ساتھ ہی حل کی جاسکتی ہیں، جس میں پابندیوں کا بآسانی خاتمہ، عہدوں پر مناسب نامزدگیاں اور مکمل تعمیر نو شامل ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گیئر پیڈرسن اور اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے سربراہ ٹام فلیچر نے   15 رکنی کونسل کو دمشق سے بریفنگ دی، جہاں انہوں نے اسلام پسند ہیئت تحریر الشام کی سربراہی میں باغی قوتوں کے ہاتھوں صدر بشار الاسد کی اقتدار سے بے دخلی کے بعد ملک کے نئے رہنمائوں سے ملاقات کی ہے۔ ٹام فلیچر نے تمام ریاستوں سے اس بات کو یقینی بنانے کی اپیل کی کہ شام میں پابندیوں اور انسداد دہشت گردی اقدامات سے انسانی ہمدردی کے اقدامات متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔