الیکشن کمیشن کا دھاندلی کے الزام پر اسد قیصر کے بیان کا نوٹس
حذیفہ رحمن نے غیر مشروط معافی مانگی ، سہیل آفریدی آج دوبارہ طلب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن نے ٓفیصل آباد میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر طلال چودھری کے بھائی بلال چودھری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا،ڈیرہ غازی خان میں خلاف ورزی پر وفاقی مشیرحذیفہ رحمن نے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیاگیاجبکہ الیکشن کمیشن نے اسدقیصرکے بیان کا نوٹس بھی لے لیا۔تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چودھری گزشتہ رو ز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی سماعت کیلئے الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے ۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت کی،انہوں نے کہا کہ ابھی ہم بلال چودھری کو نااہل نہیں کرتے، صرف کامیابی کا نوٹیفکیشن روک رہے ہیں۔ طلال چودھری نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اور آنا بھی گوارا نہیں کیا، وکیل نے بتایا کہ طلال چودھری نے مجھ سے رابطہ کیاکہ وہ کمیشن میں پیش ہوں گے،الیکشن کمیشن نے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی گئی۔ چار رکنی بینچ نے ڈیرہ غازی خان کے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی بھی سماعت کی،جہاں حذیفہ رحمن نے غیرمشروط معافی مانگتے ہوئے کہاکہ میں نے کارنر میٹنگ میں نہیں، میوزیکل نائٹ میں شرکت اور تقریر کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ کیس کی دستاویزات حذیفہ رحمن کے سپرد کی جائیں اوروہ باضابطہ جواب جمع کرائیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں عبوری حکم نامہ جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے دھاندلی کا الزام لگانے پر سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے بیان کا نوٹس لے لیا اورپیمرا سے اسد قیصر کے بیان کا ٹرانسکرپٹ منگوا لیا، الیکشن کمیشن ٹرانسکرپٹ کا جائزہ لے کر قانونی کارروائی پر غور کرے گا۔