پاکستان اور بنگلا دیش میں جلد براہ راست فضائی پروازیں بحال ہوجائیں گی،اقبال حسین ، لاہورپریس کلب کادورہ ،گفتگو
لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان میں بنگلا دیش کے ہائی کمشنراقبال حسین نے لاہورپریس کلب کا دورہ کیا۔ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر افضال طالب ، نائب صدر صائمہ نواز ،سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، ممبران گورننگ باڈی سید بدر سعید ، سرمد فرخ خواجہ، شاہدہ بٹ اور الفت مغل نے معزز ممان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پاکستان میں بنگلا دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے کہاکہ جنگ کسی کے حق میں نہیں ،تمام مسائل کا حل مذاکرات سے نکل سکتا ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین بھی تصفیہ طلب معاملات مذاکرات سے حل ہونے چاہییں، جنوبی ایشیامیں دنیا کی آبادی کا بڑاحصہ بستاہے اور یہ علاقہ جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔انھوں نے کہاکہ پاکستان اور بنگلا دیش میں نئے تعلقات کی شروعات ہورہی ہے دونوں ممالک کی حکومتیں مثبت انداز میں باہمی تعلقات کو آگے بڑھا رہی ہیں، پاکستان اور بنگلا دیش میں جلد براہ راست فضائی پروازیں بحال ہوجائیں گی جس کے لئے اعلیٰ سطح پر بات چیت جاری ہے۔ اقبال حسین خان نے کہاکہ پاکستان اور بنگلا دیش میں کھیلوں کے شعبے میں بھی تعلقات میں بہتری آرہی ہے اور بنگلا دیش کرکٹ ٹیم رواں ماہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے صحافیوں کے درمیان رابطہ بڑھانے کے لئے بھی کوشاں ہیں تاکہ عوامی سطح پر رابطے بڑھ سکیں، تعلیم اور صحت کے شعبے میں تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں ،بنگلا دیش کے عوام پاکستان میں علاج کی غرض سے آتے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے طلباء کے لئے بھی علم کے میدان میں مواقع موجود ہیں۔لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے معزز مہمان کی کلب آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ پاکستان اور بنگلا دیشی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور اب ان تعلقات میں بہتری ہورہی ہے جس میں پاکستان اور بنگلا دیش کے عوام کو فائدہ ہوگا اور خطے کے لئے بھی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انھوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے صحافیوں کو آپس میں رابطے بڑھانے چاہییں اور اس کے لئے لاہورپریس کلب کے دروازے ہمیشہ بنگلا دیش کے صحافیوں کے لئے کھلے ہیں۔ معزز مہمان کو کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور پھول پیش کئے گئے۔