سیاسی تنائو نہیں بڑھنا چاہیے‘مسائل کا حل بات چیت سے نکالا جائے بیرسٹر گوہر

عجیب منطق  ہے، وزیراعلی اور سپیکر غائب ہیں،  خوشی ہے  عدالت نے معاملہ چیف جسٹس کو لارجر بینچ کی تشکیل کے لئے  بھجوا دیا ہے
 توقع نہیں تھی  بیرسٹرسیف  اس طرح کی باتیں کریں گے ، ارکان اسمبلی سمیت بانی  پی ٹی آئی کی بہنوں کو رہا کیا جائے:میڈیاسے گفتگو
پشاور(آئی ا ین پی  ) چیئرمین  پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے  یہ عجیب منطق ہے کہ وزیراعلی اور اسپیکر غائب ہیں، سیاسی تنائو مزید نہیں بڑھنا چاہیے اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنا چاہیے۔پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا ہے  خوشی ہے کہ عدالت نے معاملہ چیف جسٹس کو لارجر بینچ کی تشکیل کے لئے  بھجوا دیا ہے، ایسے فیصلے ہونے چاہئیں جو سب کیلئے  یکساں ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف ایک ملاقات اور علاج کا مطالبہ تھا، لیکن عدالتی فیصلے پر بھی عمل نہیں کیا گیا، سیاسی انتقام کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے اور ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت بانی  پی ٹی آئی کی بہنوں کو رہا کیا جائے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وکیل کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، اگر یہ ملاقات پہلے ہو جاتی تو اتنا مسئلہ پیدا نہ ہوتا، سلمان صفدر کی بانی  پی ٹی آئی سے ملاقات میں مقدمات سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توقع نہیں تھی کہ وہ اس طرح کی باتیں کریں گے۔