صبا قمر اور یاسر حسین کی قوالی نائٹ میں بھرپور انجوائے منٹ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

صبا قمر اور یاسر حسین کی قوالی نائٹ میں بھرپور انجوائے منٹ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکارہ صبا قمر اور اداکار یاسر حسین کی ایک قوالی نائٹ میں بھرپور انجوائے منٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جسے مداحوں کی جانب سے خاصی پسندیدگی مل رہی ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دونوں فنکار ایک خوبصورت قوالی کی محفل میں محو نظر آئے، جہاں انہوں نے نہ صرف موسیقی سے لطف اٹھایا بلکہ گانے اور رقص کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا۔ دونوں کا بے تکلف اور خوش گوار انداز تقریب میں موجود دیگر افراد کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔محفل کی رونق اس وقت مزید بڑھ گئی جب لیجنڈری قوال استاد نصرت فتح علی خان کی شہرۂ آفاق صوفیانہ قوالی ’تیرے بن نہیں لگدا دل میرا ڈھولنا‘ پیش کی گئی۔ معروف قوالی کی دھن اور روحانی کیفیت نے محفل کو مزید یادگار بنا دیا۔ویڈیو میں صبا قمر گہرے میرون رنگ کی خوبصورت میکسی میں دکھائی دیں، جبکہ یاسر حسین نے گہرے سیاہ رنگ کا مشرقی لباس زیب تن کر رکھا تھا۔ دونوں فنکاروں نے تقریب میں کسی رسمی انداز کے بجائے انتہائی بے تکلف انداز میں شرکت کی اور محفل کے ماحول سے بھرپور لطف اٹھایا۔قوالی نائٹ کے لیے سجایا گیا مقام بھی اپنی خوبصورتی کے باعث خاص توجہ کا مرکز رہا۔

 تقریب کی چھت کو سیکڑوں ننھی سفید روشنیوں سے سجایا گیا تھا، جو تاروں بھرے آسمان کا منظر پیش کر رہی تھیں۔ ہلکی سنہری روشنی، خوبصورت پھولوں کی سجاوٹ اور قوالی کی دھنوں نے مجموعی ماحول کو مزید دلکش بنا دیا۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں صبا قمر اور یاسر حسین کی خوش مزاجی اور موسیقی سے محبت کو مداحوں نے خوب سراہا۔ صارفین نے دونوں فنکاروں کے بے ساختہ انداز اور باہمی کیمسٹری پر بھی مثبت تبصرے کیے۔صبا قمر اور یاسر حسین کا شمار پاکستانی شوبز کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی منفرد شخصیت اور بے تکلف انداز کے باعث بھی مداحوں کی توجہ حاصل کرتے رہتے ہیں۔ قوالی نائٹ کی یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کے لیے تفریح کا باعث بنی ہوئی ہے۔