کیا صبا قمر انمول پنکی کے کردار میں نظر آئیں گی؟ سوشل میڈیا پر چل رہی خبریں

کیا صبا قمر انمول پنکی کے کردار میں نظر آئیں گی؟ سوشل میڈیا پر چل رہی خبریں

حال ہی میں سوشل میڈیا پر انمول عرف پنکی کی زندگی پر مبنی ڈرامہ بنانے کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں، جس نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے اس موضوع پر ایک ڈرامہ تیار کیا جا رہا ہے، جس میں معروف اداکارہ صبا قمر مرکزی کردار ادا کریں گی۔ اس حوالے سے ایک تصویر بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں صبا قمر پروڈیوسرز اسد قریشی اور عبداللہ کادوانی کے ساتھ موجود نظر آتی ہیں۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس پروجیکٹ پر جلد کام شروع کیا جائے گا، اور صحافی شاہزیب خانزادہ کو اس ڈرامے کا مصنف قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم، ابھی تک اس سلسلے میں کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔ دوسری جانب، سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اس مجوزہ ڈرامے پر تنقید کی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ کسی ایسے معاملے پر ڈرامہ بنانا مناسب نہیں جس کا مقدمہ ابھی زیرِ سماعت ہو۔

بعض نے سوال اٹھایا ہے کہ ملک کی اہم تاریخی اور ادبی شخصیات جیسے فاطمہ جناح، بانو قدسیہ اور ڈاکٹر عارفہ سیدہ کی زندگیوں پر مزید کام کرنے کے بجائے متنازع شخصیات کو موضوع کیوں بنایا جا رہا ہے۔ اس کے برعکس، صبا قمر کے مداح اس منصوبے کے حوالے سے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ صبا قمر اپنی جاندار اداکاری کے ذریعے اس کردار کو مؤثر انداز میں نبھا سکتی ہیں، اور یہ ڈرامہ ماضی کے کامیاب منصوبوں کی طرح مقبولیت حاصل کر سکتا ہے۔ یہ خبر میڈیا اور سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے، اور دیکھنا یہ ہے کہ یہ پروجیکٹ کب عملی شکل اختیار کرتا ہے اور عوام و ناقدین کی رائے میں کیا تبدیلی آتی ہے۔