پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سینیٹر عابد شیر علی دوسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ان کی دوسری شادی کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں قریبی عزیز و اقارب اور محدود تعداد میں منتخب افراد نے شرکت کی۔خاندانی ذرائع کے مطابق سینیٹر عابد شیر علی کی نئی اہلیہ کا تعلق ہری پور کے ایک کاروباری گھرانے سے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں خاندانوں کے درمیان پہلے سے قریبی تعلقات قائم ہیں۔عابد شیر علی کی شادی کی تقریب میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی میاں طاہر پرویز سمیت چند قریبی دوستوں اور اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب کو انتہائی محدود اور نجی رکھا گیا، جس کے باعث اس میں صرف منتخب افراد ہی شریک ہوئے۔خیال رہے کہ عابد شیر علی کی پہلی اہلیہ چند برس قبل بیماری کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی پہلی اہلیہ کے انتقال کے بعد عابد شیر علی اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرتے رہے۔
دوسری شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد عابد شیر علی کے دوستوں، عزیز و اقارب اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔عابد شیر علی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور فیصل آباد کی سیاست میں بھی ایک نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ وہ ماضی میں وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی سمیت مختلف اہم سیاسی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔