ملائیشیا کے سابق فٹبال اسٹار داتوک عبدہ الف نے 72 سال کی عمر میں 20 سالہ لڑکی سے شادی کرلی، جس کے بعد شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں اور صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق فٹبالر نے 27 اگست کو شادی کی، دونوں کی عمروں میں تقریباً 52 سال کا فرق ہے۔ شادی کی تصدیق داتوک عبدہ الف کے چھوٹے بھائی داتوک یونس الف نے کی، جو خود بھی سابق قومی فٹبالر اور کوچ رہ چکے ہیں۔داتوک یونس الف کے مطابق یہ رشتہ دونوں خاندانوں کی رضامندی سے طے پایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعاگو ہیں کہ ان کے بھائی اور بھابھی خوشگوار ازدواجی زندگی گزاریں۔ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے داتوک عبدہ الف اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہنی مون پر ہوں، اسی وجہ سے وہ فون کالز کا جواب نہیں دے رہے، تاہم خاندان نے دونوں کی شادی کی تصدیق کردی ہے۔
داتوک عبدہ الف ملائیشین فٹبال کی تاریخ کے نمایاں کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ 1970 کی دہائی کے اختتام اور 1980 کی دہائی کے آغاز میں قومی ٹیم کا اہم حصہ رہے۔ سابق فٹبالر اس ٹیم میں بھی شامل تھے جس نے جنوبی کوریا کو 2-1 سے شکست دے کر 1980 ماسکو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔تاہم ملائیشیا نے سوویت یونین کے افغانستان پر حملے کے خلاف احتجاجاً 1980 کے ماسکو اولمپکس کا بائیکاٹ کردیا، جس کے باعث ٹیم کی اولمپکس میں شرکت کا خواب ادھورا رہ گیا۔