سعدیہ امام کا ساتھی اداکاروں سے دھوکے کا انکشاف

سعدیہ امام کا ساتھی اداکاروں سے دھوکے کا انکشاف

پاکستان کی معروف اداکارہ اور میزبان سعدیہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کے دوران انہیں کئی مرتبہ قریبی مرد ساتھیوں اور دوستوں کی جانب سے دھوکا دینے اور نظر انداز کیے جانے کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے یہ انکشاف نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کے دوران کیا۔سعدیہ امام کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا، تو اس وقت خواتین اداکاراؤں کی تعداد بہت کم تھی۔ انڈسٹری میں زیادہ تر یا تو سینئر اداکارائیں تھیں یا پھر نئی اور جونیئر اداکارائیں، جبکہ ان کی ہم عمر خواتین فنکار بہت کم تھیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ان کے زیادہ تر ساتھی مرد تھے اور انہی میں سے بعض قریبی دوستوں کی جانب سے دھوکا ملا، اور بعض مواقع پر ساتھیوں نے پیٹھ پیچھے ان کا نقصان کیا اور ان کے خلاف باتیں کیں۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کے والد ہمیشہ مشورہ دیتے تھے کہ جعلی دوست رکھنے سے بہتر ہے کہ انسان اکیلا رہے، مگر اس وقت انہیں لوگوں کی ضرورت محسوس ہوتی تھی۔سعدیہ امام نے بتایا کہ وقت کے ساتھ انہوں نے ان تجربات سے بہت کچھ سیکھا اور اللّٰہ کے فضل سے مشکل وقت گزر گیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں کئی مرتبہ اپنے مرد ساتھیوں کو ان سے متعلق باتیں کرتے سننے کا بھی موقع ملا، جن میں کہا جاتا تھا کہ سعدیہ امام کو کاسٹ نہ کیا جائے کیونکہ وہ ’پارٹی گرل‘ نہیں ہیں اور شوٹنگ کے دوران زیادہ گھلتی ملتی نہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ اس زمانے میں بیرونِ ملک بھی ڈراموں کی شوٹنگ کے لیے جانا ہوتا تھا، اور بعض ساتھیوں کو ان کے رویے اور طرزِ زندگی سے مسئلہ تھا، جس کی وجہ سے انہیں بعض منصوبوں سے نکال دیا جاتا یا پھر کم اہم کردار دیے جاتے تھے۔سعدیہ امام کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ دکھ ان لوگوں کے رویے سے ہوا جو ان کے انتہائی قریبی ساتھی تھے، جو ان کے گھر آتے جاتے، ساتھ کھانا کھاتے اور وقت گزارتے تھے، مگر پسِ پردہ ان کے خلاف باتیں کرتے رہے۔