بالیوڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے کرتارپور کے دورے کے دوران پاکستانی عوام سے ملنے والی محبت کا ذکر کرتے ہوئے ایک دلچسپ واقعہ شیئر کیا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں، سنی دیول نے بتایا کہ وہ صرف ایک بار کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر پاکستان گئے تھے اور وہاں انہیں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی اہلکاروں سے بھی محبت ملی۔انہوں نے بتایا کہ ایک سیکیورٹی اہلکار نے ان سے کہا کہ "آپ ایسی فلمیں نہ کریں جو پاکستان کے خلاف ہوں، کیونکہ ہم آپ سے بہت محبت کرتے ہیں"۔اداکار نے جواب دیا کہ "اپنے ملک سے محبت کون نہیں کرتا؟ اگر آپ ہم سے محبت کریں گے، تو ہم بھی آپ سے محبت کریں گے، اور اگر آپ ہمارے خلاف بات کریں گے یا لڑیں گے، تو ہم بھی جواب دیں گے۔"
سنی دیول کا کہنا ہے کہ جنگ کے وقت ہر شخص اپنے وطن کا دفاع کرتا ہے، مگر دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دشمنی نہیں، بلکہ دونوں طرف کے لوگ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔یاد رہے کہ سنی دیول اپنی حالیہ فلم 'بٹوارہ (1947)' کی تشہیر میں مصروف ہیں، جو 1947 میں برصغیر کی تقسیم کے دوران پیش آنے والے واقعات پر مبنی ہے اور 14 اگست 2026 کو بھارت سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کی گئی ہے۔