اجتماعی دفاعی نظام کے قیام اور علاقائی استحکام کے حصول میں اہم ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے
اسلام آباد(آئی این پی)امریکہ، چین اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر اور آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کو تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ مسلم ممالک کے دیرینہ اجتماعی دفاعی نظام کے قیام کی خواہش کو عملی شکل دینے اور علاقائی دفاعی استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔آذربائیجانی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ مسلم ممالک گزشتہ کئی دہائیوں سے اجتماعی دفاعی نظام کے قیام کے خواہاں رہے ہیں، تاہم اس خواہش کو عملی انتظام میں تبدیل نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس دوحہ میں فلسطینی مذاکرات کاروں پر اسرائیلی حملے کے بعد خلیجی ممالک میں عدم تحفظ کا احساس مزید گہرا ہوا اور مؤثر دفاعی نظام کی ضرورت شدت سے محسوس کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ستمبر 2025 میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے بعد رواں سال ترکیہ کی شمولیت سے اس دفاعی تعاون کا دائرہ مزید وسیع ہوا ہے۔ ان کے مطابق مصر نے بھی اس معاہدے کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔