مکہ معاہدہ عملی دفاعی تعاون اور معاشی روابط کو فروغ دے گا، سردار مسعود خان

 تینوں ممالک اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے مضبوط معاشی بنیادیں استوار کر سکتے ہیں
اسلام آباد(آئی این پی)امریکہ، چین اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر اور آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک ہم آہنگی کے ذریعے اجتماعی دفاعی صلاحیت کی بنیاد فراہم کرتا ہے، جبکہ اس کے تحت عملی دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ معاشی روابط کو بھی فروغ دیا جائے گا۔سنٹر فار لا اینڈ سکیورٹی میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر اظہار خیال کرتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ معاہدہ محض ایک اعلانیہ دستاویز نہیں بلکہ اس کے تحت تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں، تربیت اور دفاعی تعاون کے لیے عملی صلاحیتیں اور ادارہ جاتی نظام تشکیل دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ معاہدے میں دفاعی سازوسامان کی خریداری میں تعاون کے علاوہ مشترکہ دفاعی پیداوار بھی شامل ہے، جس سے تینوں ممالک کی مقامی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے