مکہ دفاعی معاہدہ تاریخی سنگ میل قرار، حکومتی رہنماؤں کا خیرمقدم

 مکہ کی مقدس سرزمین پر تاریخی معاہدہ اعزاز کی بات، خطے میں امن و استحکام کے نئے دور کا آغاز ہوگا
اسلام آباد:( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے باہمی دفاعی معاہدے کو حکومتی رہنماؤں نے تاریخی سفارتی و دفاعی کامیابی، مسلم امہ کے اتحاد اور خطے میں امن و استحکام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا معاہدے کو تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے مکہ معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو یہ اعزاز بخشا کہ وہ حرمین شریفین کا محافظ بنا۔انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ امن اور سلامتی کی ضمانت ہے اور پاکستان کو دنیا میں وہ مقام ملا ہے جس کی خواہش تمام ممالک رکھتے ہیں، مکہ دفاعی معاہدہ پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کے لیے باعث فخر ہے، معاہدے کی خوشی میں پاکستان بھر میں تینوں ممالک کے پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تاریخی کامیابی ملی ہے، تینوں ممالک کا معاہدہ کسی کے خلاف نہیں بلکہ امن کی ضمانت ہے، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط رشتہ قائم ہے جب کہ مکہ دفاعی معاہدے سے خطے میں امن و استحکام کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ خطے کے امن کے لیے متحد ہوئے ہیں اور مکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کو دنیا بھر میں تاریخی کامیابیاں مل رہی ہیں جب کہ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے مکہ دفاعی معاہدے کو امت مسلمہ کے اتحاد کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
وفاقی وزیر طلال چودھری نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ امن، سلامتی اور استحکام کا باعث بنے گا، معاہدے سے امت مسلمہ کو نئی امید ملی ہے اور تاریخی معاہدے کے بعد دنیا میں پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا کہ مکہ کی مقدس سرزمین پر تاریخی معاہدہ ہونا اعزاز کی بات ہے، اس سے برادر اسلامی ممالک کے درمیان امن کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ مکہ دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کے اتحاد کا باعث بنے گا۔ان کا معاہدے کی تکمیل کے لیے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اس معاہدے سے اسلامی ممالک کی ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ معاہدے سے اسلامی ملکوں کے درمیان بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے مکہ دفاعی معاہدے کو مسلم امہ کے اتحاد اور خطے میں پائیدار امن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ تاریخی معاہدے سے مسلم امہ کے لیے امن، اتحاد اور باہمی تعاون کی نئی راہیں ہموار ہوں گی، عسکری و سیاسی قیادت کی کاوشوں سے پاکستان کو عالمی سطح پر نیا وقار حاصل ہوا ہے۔وجیہہ قمر نے باہمی دفاعی معاہدے کو پوری قوم کے لیے باعث فخر قرار دیا۔رکن قومی اسمبلی کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ مکہ باہمی دفاعی معاہدے سے پاکستان کو تاریخی کامیابی ملی ہے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری دانیال چودھری کا معاہدے کو پاکستان کے لیے بڑا سفارتی و دفاعی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ مسلم امہ کے لیے خوشی، امید اور فخر کا غیرمعمولی لمحہ ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں
 اس تاریخی دفاعی معاہدے کو ممکن بنایا گیا۔حکومتی رہنماؤں  نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان یہ معاہدہ باہمی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گا جب کہ اسے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون کے نئے باب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔