وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انسانیت ایک عظیم نسبت ہے، جو تمام رشتوں سے بلند اور ہر سرحد سے بے نیاز ہے۔
انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ دوسروں کے لیے راحت، آسودگی اور آسانیوں کا وسیلہ بننا دراصل انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدمتِ انسانیت کا جذبہ رنگ، مذہب اور ہر تعصب سے بالاتر ہے۔وزیرِاعلیٰ نے موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں انسانیت کی خدمت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے معصوم شہداء اور کشمیری عوام کی آہیں دنیا کے ہر حساس دل کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ انسان سے ہمدردی عبادت کے مترادف اور سب سے بڑی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کے ہر اقدام اور پراجیکٹ انسانی ہمدردی اور عوام کی خدمت کے لیے ہے، اور ہمیں ایسی دنیا بنانی ہے جہاں امن، محبت اور انسانیت پروان چڑھے۔