پاکستانی چوک میں پولیس کی کارروائی، ملزموں سے نقدی اور تاش برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) اچھرہ پولیس نے قمار بازوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آٹھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق چھاپہ پاکستانی چوک میں واقع ایک گھر پر مارا گیا جہاں ملزمان تاش پر جوا کھیل رہے تھے۔ گرفتار ملزمان میں عادل، زبیر، غلام مرتضیٰ، سمیع اللہ، سلمان، عامر، عبدالمجید اور عمر شامل ہیں۔ پولیس نے موقع پر موجود ملزمان کو داؤ پر لگی نقد رقم اور تاش کے پتے سمیت گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ قمار بازی جیسے جرائم کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے جرائم کی نشاندہی کرکے پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں مدد مل سکے۔