لودھراں حادثہ: عوام ایکسپریس ٹرین کا بلیک باکس حاصل، تحقیقات شروع

لودھراں حادثہ: عوام ایکسپریس ٹرین کا بلیک باکس حاصل، تحقیقات شروع

 لودھراں میں حادثے کا شکار عوام ایکسپریس ٹرین کے بلیک باکس کو نکال کر تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس سے حادثے کی اصل وجوہات کا تعین ممکن ہوگا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق بلیک باکس کی جانچ کے بعد معلوم ہوگا کہ ڈرائیور نے بروقت بریک کیوں نہیں لگائی اور ٹرین کی رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کے بجائے زیادہ کیوں تھی۔ فیڈرل انسپکٹر آف ریلوے نے حادثے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ڈرائیور سمیت دیگر عملے کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔ حتمی انکوائری رپورٹ مکمل ہونے کے بعد وزارت ریلوے کو بھیجی جائے گی۔واضح رہے کہ اسلام آباد ایکسپریس حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ بھی وزارت ریلوے کو جمع کرائی جا چکی ہے، تاہم ذمہ دار افسران کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی۔ رواں ماہ اب تک مختلف ٹرینوں کے 9 حادثات پیش آ چکے ہیں، جو پاکستان ریلویز کی تاریخ میں ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ ہیں۔

حادثے کے وقت عوام ایکسپریس کو لودھراں اسٹیشن پر 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے داخل ہونا تھا، لیکن ٹرین کی رفتار اس سے کئی گنا زیادہ تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بروقت بریک نہ لگانے کے باعث ٹرین سینڈ ہب سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں انجن سمیت پانچ بوگیاں الٹ گئیں اور بعض بوگیاں ایک دوسرے پر چڑھ گئیں۔ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین میں جدید آٹومیٹک بریک سسٹم اور سلف بریک سسٹم موجود ہے، جس کے تحت بریک فیل ہونے کا امکان کم ہوتا ہے، اور اگر خرابی بھی ہو تو بریک خودکار طور پر لگ جاتا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم بلیک باکس سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے بعد حتمی رپورٹ تیار کرے گی تاکہ حادثے کی مکمل وجوہات سامنے آئیں۔