کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس لودھراں کے قریب گیلے وال ریلوے اسٹیشن پر حادثے کا شکار ہو گئی، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریلوے حکام کے مطابق رات تقریباً 2 بجے پیش آنے والے حادثے میں ٹرین کے انجن کی بریکیں فیل ہو گئیں، جس کے باعث انجن پٹری سے اتر کر سینڈ ہمپ پر چڑھ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں انجن سمیت دو بوگیاں متاثر ہوئیں، تاہم کسی مسافر یا عملے کے فرد کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی اسٹیشن ماسٹر گلزار حسین اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ریلوے حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ انجن کی جگہ متبادل انجن فراہم کیا، جس کے بعد ہزارہ ایکسپریس کو اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔واقعے کے بعد ریلوے حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ابتدائی طور پر انجن کی بریک فیل ہونے کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔