لیبیا کے مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد علی احمد الحداد کے طیارہ حادثے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ترکی کے حکام نے حادثے کا شکار فالکن 50 طیارے کا بلیک باکس اور کاک پٹ وائس ریکارڈر برآمد کر لیا ہے۔
ترکی کے مطابق طیارہ منگل کے روز انقرہ سے طرابلس روانہ ہوا تھا، تاہم اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد بجلی کے نظام میں خرابی پیدا ہوئی اور ایمرجنسی لینڈنگ کی درخواست کے کچھ دیر بعد رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارے کا ملبہ انقرہ کے نزدیک حیمانہ ضلع میں ملا۔حادثے میں جنرل الحداد سمیت ان کے چار معاونین ہلاک ہو گئے، جبکہ طیارے میں عملے کے تین ارکان بھی شامل تھے۔ لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ترک حکام کے مطابق بلیک باکس اور وائس ریکارڈر کا تجزیہ کسی غیر جانبدار ملک میں کیا جائے گا اور نتائج شفافیت کے ساتھ دنیا کے سامنے رکھے جائیں گے۔ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں سیکڑوں اہلکار، ریسکیو ٹیمیں اور ڈرونز نگرانی کر رہے ہیں۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی لیبیا کی قیادت سے رابطہ کر کے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بلیک باکس سے حاصل ہونے والا ڈیٹا حادثے کی اصل وجہ واضح کرے گا، تاہم اس عمل میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔