صحرائے تھر میں آسمانی بجلی گرنے کے متعدد واقعات، درجنوں مویشی ہلاک

صحرائے تھر میں آسمانی بجلی گرنے کے متعدد واقعات، درجنوں مویشی ہلاک

صحرائے تھر میں حالیہ بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں درجنوں مویشی ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل ننگرپارکر کے نواحی علاقوں میں رات اور صبح سویرے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے دوران بجلی گرنے کے تین الگ الگ واقعات پیش آئے۔گاؤں مٹھڑیو ہالیپوٹا، روجھ اور ڈانبھاریو میں گھروں کے قریب جنگل میں آسمانی بجلی گرنے سے 21 گائے اور 2 بکریاں موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔یہ سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، جب مٹھی کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے 17 مویشی ہلاک ہوئے۔ اس سے قبل 3 روز پہلے اسلام کوٹ کے نواحی علاقے میں بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں آسمانی بجلی گرنے سے 47 بکریاں ہلاک ہوگئی تھیں۔

ان مسلسل واقعات کے باعث صحرائے تھر کے مقامی کسان اور مویشی پالنے والے سخت پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ خطے کی معیشت زیادہ تر مویشیوں پر ہی انحصار کرتی ہے۔محکمۂ صحت اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں اور دیہی آبادی کو ہدایت جاری کی ہے کہ گرج چمک کے دوران کھلے میدانوں میں جانے سے گریز کریں اور مویشیوں کو ممکنہ حد تک محفوظ جگہوں پر منتقل کریں تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔