غزہ :اسرائیلی حملے‘ امداد کے منتظر 10 افراد سمیت 54 فلسطینی شہید

 یہودی آبادکاری میں توسیع کے اسرائیلی منصوبے کے خلاف حماس    نے  یوم غضب منایا
فلسطین کے قیام میں رکاوٹ ڈالنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے:سعودی وزارت خارجہ
 غزہ ،تل ابیب،ریاض (آئی این پی )غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مسلسل حملوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں امداد کے منتظر 10 افراد سمیت مزید 54  فلسطینی شہید ہوئے۔ مقبوضہ مغربی کنارے کے الحاق اور یہودی آبادکاری میں توسیع کے اسرائیلی منصوبے کے خلاف حماس نے  جمعہ کو  یوم غضب منایا۔ ادھر  اسرائیل کے مزید 3 ہزار رہائشی یونٹ کی تعمیر کے منصوبے کی دنیا بھر میں شدید مذمت کی گئی ہ سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے  کہ فلسطین کے قیام میں رکاوٹ ڈالنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ نے مقبوضہ  بیت المقدس  میں یہودی آباد کاروں کے لیے غیر قانونی تعمیرات کی مذمت کی ہے۔سعودی حکام نے کہا، فلسطینی علاقوں کواسرائیلی ریاست میں ضم کرنے کا فیصلہ کئی دہائیوں سے جاری تنازعہ کے 2 ریاستی حل کو روکنے کی ایک کوشش ہے۔سعودی وزارتِ خارجہ نے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فیصلہ اسکی غیر قانونی توسیع پسندانہ پالیسیوں کو ثابت کرتا ہے۔بیان میں غزہ میں فلسطینی قوم کے خلاف جاری اسرائیلی حملوں کو فوری طور پر روکنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔