جھل مگسی : تیل و گیس کا بڑا منصوبہ آپریشنل، پیداوار شروع

 وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر یہ منصوبہ فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل ہوا
یہ منصوبہ فروری 2024ء میں گورنمنٹ کے مراعاتی پیکج کی منظوری کے بعد شروع  ہوا
 کوئٹہ (یواین پی) صوبہ بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں تیل و گیس کا بڑا منصوبہ آپریشنل ہونے کے بعد پیداوار شروع ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں گیس کا بڑا جھل مگسی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کر لیا اور منصوبہ آپریشنل ہو نے کے بعد پیداوار بھی شروع ہوچکی ہے۔ ترجمان او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر یہ منصوبہ فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل ہوا، او جی ڈی سی ایل نے سٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر جھل مگسی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل اور افتتاح کا اعلان کردیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ او جی ڈی سی ایل نے یہ منصوبہ فروری 2024ء میں گورنمنٹ کے مراعاتی پیکج کی منظوری کے بعد شروع کیا تھا، جھل مگسی تیل و گیس کے منصوبے میں او جی ڈی سی ایل بطور آپریٹر 56 فیصد، پی او ایل 24 فیصد اور جی ایچ پی ایل 20 فیصد کی شراکت دار ہیں جب کہ او جی ڈی سی ایل نے سی ایس آر فنڈ سے جھل مگسی میں سکول، ہیلتھ کیئر سہولت مراکز اور کم آمدنی بے گھر لوگوں کے لیے 84 ماڈل مکانات بھی تعمیر کیے ہیں۔