آسان کاروبار اسکیموں پر پیشرفت، اسٹیرنگ کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے

آسان کاروبار اسکیموں پر پیشرفت، اسٹیرنگ کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے

لاہور (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے شروع کی گئی "آسان کاروبار فنانس" اور "آسان کاروبار کارڈ" اسکیموں پر پیشرفت کے حوالے سے اسٹیرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کی۔

اجلاس میں ایم ڈی پیسک سائرہ عمر نے اسکیموں پر اب تک کی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ اجلاس میں سیکرٹری صنعت و تجارت محمد عمر مسعود، بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود، محکمہ خزانہ، اربن یونٹ کے حکام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اہم اعداد و شمار اور فیصلے:
آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں۔اب تک 80 ہزار سے زائد درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں۔اسکیم کے تحت 34 ہزار سے زائد کاروباری افراد کو قرض جاری ہو چکا ہے۔آسان کاروبار کارڈ اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرض کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔اب تک 1 لاکھ 4 ہزار کاروباری کارڈز کی منظوری دی جا چکی ہے۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کا بیان:
صوبائی وزیر نے کہا کہ اسکیموں میں عوامی دلچسپی واضح ہے، لاکھوں افراد نے قرضوں کے حصول کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ حکومت پنجاب کا مقصد چھوٹے کاروباری طبقے کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور معاشی ترقی کی راہ ہموار ہو۔