وفاقی حکومت کا آسان اقساط پر اسمارٹ فونز کی فراہمی کا عندیہ

وفاقی حکومت کا آسان اقساط پر اسمارٹ فونز کی فراہمی کا عندیہ

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے ہر شہری کے لیے ڈیجیٹل ڈیوائسز تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے آسان اقساط میں اسمارٹ فونز فراہم کرنے کی نئی پالیسی تیار کرنے کا عندیہ دے دیا۔

ٹیکنالوجی اور تعلیم کے مواقع
وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے کہا کہ "ٹیکنالوجی علم تک رسائی کو عام کر سکتی ہے اور ہماری نوجوان نسل بشمول خواتین طلبہ کو سائنس اور ٹیکنالوجی میں نئے کیریئر کے مواقع فراہم کر سکتی ہے۔"انہوں نے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) کا آغاز حکومت کے وسیع ویژن کا حصہ ہے تاکہ تعلیم اور ہنر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

نئی پالیسی اور تربیتی اہداف
شزا فاطمہ کے مطابق، حکومت آسان اقساط میں اسمارٹ فونز کی فراہمی کے لیے پالیسی تیار کر رہی ہے تاکہ ڈیجیٹل ڈیوائسز ہر فرد کی پہنچ میں ہوں۔انہوں نے بتایا کہ ڈی جی اسکلز پروگرام کے تحت گزشتہ ایک سال میں ایک لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی گئی ہے، جبکہ رواں سال 10 لاکھ بچوں کو مصنوعی ذہانت (AI) کی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

خواتین کے لیے اقدامات
وفاقی وزیر نے خواتین کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ:"ہمارے ملک کی خواتین نہایت باصلاحیت اور محنتی ہیں، حکومت تمام عوامی مقامات کو خواتین کے لیے محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔"
ایس ٹی ای ایم پروگرام کا خیر مقدم
وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا کہ:"پاکستان میں ایس ٹی ای ایم فیڈ کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ نوجوان نسل کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کو زیادہ قابلِ رسائی اور دلچسپ بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔"