خیرپور کے علاقے سیٹھارجہ میں کم عمر میں شادی کی ایک تقریب پر پولیس نے کارروائی کی اور نکاح خواں، لڑکی کے والد، اور گواہ سمیت 8 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی سمیع اللہ نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ لڑکے اور لڑکی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے، اور ان کے خلاف چائلڈ میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ لڑکے اور لڑکی کی عمر 14 سال ہے، اور عمر کے تعین کے لیے مزید کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں نکاح خواں، لڑکے، لڑکی کے والد اور دیگر 5 افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔چائلڈ میرج ایکٹ کے تحت 16 سال سے کم عمر افراد کی شادی کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے، اور ایسی شادیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں چائلڈ میرج کے خلاف پولیس کی کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں۔