سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے بوزدار وڈا میں ایک 16 سالہ لڑکی فریدہ جعلی پیر کے وحشیانہ تشدد کے باعث جان کی بازی ہار گئی۔
لڑکی کو بخار ہونے پر علاج کے بجائے پیر کے پاس لے جایا گیا، جہاں "جن نکالنے" کے بہانے اس پر شدید تشدد کیا گیا۔والد امام بخش نے بتایا کہ پیر کے تشدد نے ان کی معصوم بیٹی کی جان لے لی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی خیرپور پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاش کو تحویل میں لے کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے تیار کیا گیا۔پولیس حکام نے تصدیق کی کہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، اور جعلی پیر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ اسے جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔