کانگو میں کشتی میں آگ لگنے کا المناک واقعہ، 148 افراد ہلاک، سیکڑوں لاپتہ

کانگو میں کشتی میں آگ لگنے کا المناک واقعہ، 148 افراد ہلاک، سیکڑوں لاپتہ

ویب ڈیسک:افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں ایک دلخراش حادثے میں 148 افراد ہلاک ہو گئے جب ایک مسافر کشتی میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ دریائے کانگو میں ڈوب گئی۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، کانگو حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے نتیجے میں سیکڑوں افراد تاحال لاپتہ ہیں، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

حادثہ منگل کے روز پیش آیا جب لکڑی سے بنی مسافر کشتی، جو تقریباً 500 افراد کو لے جا رہی تھی، دریائے کانگو کے کنارے واقع مبندکا قصبے کے قریب اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ کشتی میں بھڑکنے والی آگ نے چند ہی لمحوں میں پوری کشتی کو لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد وہ مکمل طور پر ڈوب گئی۔

عینی شاہدین اور میڈیا رپورٹس کے مطابق، آگ اس وقت لگی جب ایک خاتون کشتی میں کھانا پکا رہی تھی۔ چولہے سے اٹھنے والی چنگاری نے لکڑی کی کشتی کو فوراً اپنی لپیٹ میں لے لیا، اور لوگ جان بچانے کے لیے دریا میں چھلانگیں لگانے پر مجبور ہو گئے۔

ریسکیو آپریشن جاری ہے اور حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جبکہ دریا سے لاشوں کی تلاش اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔کانگو میں کشتی حادثات عام ہیں، خاص طور پر ایسے دور دراز علاقوں میں جہاں سلامتی کے معیارات اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث ایسے سانحات اکثر پیش آتے ہیں۔