پیپلزپارٹی عوام کی خاطر پھانسی گھاٹ پر بھی چڑھنے سے نہیں گھبراتی، وفاق کی خاطر برداشت کررہے ہیں
حیدرآباد(آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر وفاقی حکومت کا ساتھ چھوڑے کی دھمکی دے دی۔ سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سندھ اور سندھ کے حقوق عارضی حکومتوں سے بڑھ کر ہیں ،ابھی سندھ کے وجود کا مسئلہ ہے حکومت سے علیحدہ ہونا پڑا تو ہزار بار ہونگے۔پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو نے حیدرآباد جلسہ گاہ کا دورہ کیا انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی خاطر پھانسی گھاٹ پر بھی چڑھنے سے نہیں گھبراتی، وفا ق کی خاطر پہلے بھی گالیاں کھائیں، ابھی بھی برداشت کررہے ہیں ، ہمارا ایک ہی فیصلہ ہے انتہا تک جانا پڑا تو ضرور جائینگے۔مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ( ن) لیگ کی قیادت بھی اپنا چہرہ بچانے کے لیے ایسا موقف اختیار کررہی ہے کہ سندھ میں نفرتیں پیدا ہورہی ہیں ، سندھ کا معاملہ سیاست سے بالا تر ہے ، کینالز سندھ کے وجود کا معاملہ ہے۔