پی ٹی آئی کے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا: مولا بخش چانڈیو

میں ہمیشہ بات چیت کا قائل رہا ہوں، علی امین گنڈا پور ابھی دھمکی دے رہے ہیں ،گفتگو
 کراچی (آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ملک میں پی ٹی آئی کے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پی ٹی آئی عوامی حوالے سے ایک قوت ہے لیکن وہ اس قوت پر ڈٹے رہیں اور سیاسی بات چیت نہ کریں اور بات چیت کے لئے شرائط رکھیں، یہ اچھی بات نہیں ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ بات چیت کا قائل رہا ہوں، علی امین گنڈا پور ابھی دھمکی دے رہے ہیں بات کرنے کے لئے، پہلے یہ بات نہ کرنے کے لئے دھمکیاں دیتے تھے۔انہوں نے کہا کہ مفاہمت، بات چیت کرنے اور سیاسی سفر کو آگے لے جانے کا یہ راستہ مذاکرات ہیں، نظام کو مستحکم کرنے کا بھی یہ راستہ ہے، پاکستان کے لوگوں کو مسائل اور بحرانوں سے جان چھڑانے کا ایک ہی راستہ ہے، تاکہ سیاسی استحکام آسکے۔