کروشین وزیر خارجہ کی وزیراعظم اور نائب وزیراعظم سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں، باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد(آئی این پی )وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے  جمہوریہ کروشیا کے وزیر برائے خارجہ و یورپی امور ڈاکٹر گورڈن گرلیچ راڈمان نے ملاقات کی اور باہمی تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم ہائو س میں ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کروشیا کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔وزیراعظم نے تجارت و سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، روابط، زراعت، سیاحت اور ہنرمند افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کروشیا کے صدر زوران میلانوویچ اور وزیراعظم آندرے پلینکوویچ کیلئے  نیک تمنائو ں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے سرکاری دورے کی پرخلوص دعوت دی۔کروشیا کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے