امریکی جارحیت میں راس عیسیٰ بندرگاہ کے ملازمین ہلاک اور زخمی ہوئے،حوثی وزارت صحت،حوثیوں کو غیرقانونی آمدنی سے محروم کرنے کے لیے کارروائی کی گئی،امریکی سینٹرل کمانڈ
صنعا(آئی این پی )یمن میں تیل بندرگاہ پر امریکی فضائی حملے میں38افراد جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ گذشتہ روز راس عیسٰی کی تیل بردار بندرگاہ پر امریکی فضائی حملے میں کم از کم 38افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہو گئے۔حوثی وزارت صحت کے ترجمان نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ امریکی جارحیت میں راس عیسیٰ بندرگاہ پر کام کرنے والے 38ملازمین ہلاک اور 102زخمی ہوئے۔ ادھر امریکی افواج نے کہاہے کہ یمن کے مغربی ساحل پر واقع ایک اہم تیل کی تنصیب پر فضائی حملہ کیا گیا جو کہ حوثی باغیوں کے خلاف جاری فوجی مہم میں کئی ہفتوں بعد پہلی بار سرکاری طور پر تسلیم شدہ کارروائی ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام ) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ امریکی افواج نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کے ایندھن کے اس اہم ذریعہ کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کی تاکہ انہیں غیر قانونی آمدنی سے محروم کیا جا سکے۔