شمالی امریکا میں طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام

49سالہ ساواٹیلر کادوران پرواز چاقو سے حملہ، ہائی جیکر مسافر کے ہاتھوں گولی لگنے سے ہلاک
 بلیز سٹی(آئی این پی ) امریکی شہری نے بلیز جانے والی ایک پرواز کو چاقو کے زور پر ہائی جیک کرنے کی کوشش کی، لیکن ایک مسلح مسافر کی فائرنگ سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ واقعہ فلیپ گولڈسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا۔ بلیز پولیس کے سربراہ چیسٹر ولیمز کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص اکینیلا ساوا ٹیلر نامی 49سالہ امریکی شہری تھا، جو کیلیفورنیا سے تعلق رکھتا تھا۔ اس نے کوروزال سے اڑنے والی ایک چھوٹی مسافر پرواز میں سوار 14افراد کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔پرواز کے دوران پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی الرٹ دیا اور ایندھن کی کمی کے باعث بلیز سٹی کے اوپر طویل وقت تک چکر کاٹنے پر مجبور ہوا۔لینڈنگ کے بعد حملہ آور کو مسلح پولیس اہلکاروں نے گھیر لیا۔ کچھ رپورٹس کے مطابق ہائی جیکر کو پولیس نے گولی ماری جبکہ بعض اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ایک مسافر نے فائرنگ کر کے اسے ہلاک کیا۔ ٹیلر کو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔واقعے میں ایک مسافر شدید زخمی ہوا جو حملہ آور کو قابو کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جبکہ دو دیگر زخمی مسافروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔