کینیڈا: سپریم کورٹ کی سوشل میڈیا پر غلط معلومات کے خلاف آگاہی مہم

کینیڈا: سپریم کورٹ کی سوشل میڈیا پر غلط معلومات کے خلاف آگاہی مہم

کینیڈا کی سپریم کورٹ نے اپنی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد عوامی اعتماد کو مضبوط بنانا اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات کا سدباب کرنا ہے۔

چیف جسٹس رچرڈ ویگنر نے وکٹوریا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی وجہ سے عوام کو درست قانونی معلومات فراہم کرنا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کی شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لیے سپریم کورٹ اپنی کارروائیاں عوام کے سامنے لاتی ہے اور عدالتی فیصلوں کو سادہ زبان میں شائع کرتی ہے تاکہ عام شہری بھی انہیں باآسانی سمجھ سکیں۔

چیف جسٹس نے جمہوریت میں عوامی اعتماد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شفافیت ہی وہ بنیادی عنصر ہے جو عدلیہ پر عوام کا اعتماد قائم رکھتا ہے۔یہ آگاہی مہم ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کی جا رہی ہے، جس کے تحت عدالتی نظام سے متعلق معلومات کو عوام تک پہنچانے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں، تاکہ شہریوں میں قانونی شعور اجاگر کیا جا سکے۔