سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ کے بیٹے کیوان کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ان کی سابق اہلیہ ایمان اسد نے سابق شوہر کے نام ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے انہیں بیٹے کی خوشی میں شریک ہونے کی دعوت دی ہے۔
ایمان اسد نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے کہا کہ آج کیوان کی پہلی سالگرہ ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ رجب بٹ بھی اس خاص موقع پر ان کے اور اپنے بیٹے کے ساتھ موجود ہوں۔ ان کے مطابق انہوں نے کبھی رجب بٹ کو کیوان سے ملنے سے نہیں روکا اور نہ ہی آئندہ ایسا کریں گی۔انہوں نے کہا کہ باپ اور بیٹے کا رشتہ اپنی جگہ اہم ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ کیوان اپنی زندگی میں ماں اور باپ دونوں کی محبت، توجہ اور موجودگی حاصل کرے۔ ایمان اسد کے مطابق کیوان بھی یقیناً یہی چاہے گا کہ اس کے والد اس کی خوشیوں میں شریک ہوں۔اپنے پیغام میں ایمان اسد نے رجب بٹ سے سوال بھی کیا کہ کیا انہوں نے کبھی کیوان کا حال جاننے، اس کی ضروریات کے بارے میں پوچھنے یا یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ وقت کس طرح گزار سکتے ہیں۔ایمان اسد نے کہا کہ ایک سال کی خاموشی اور دوری صرف ایک دن کی سالگرہ منانے سے ختم نہیں ہوسکتی، کیونکہ والد ہونے کی ذمہ داری صرف ایک دن تک محدود نہیں ہوتی بلکہ یہ روزمرہ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کیوان کی پہلی سالگرہ عدالتوں یا باہمی تنازعات کے بجائے بچے کی معصوم خوشیوں کے لیے ہونی چاہیے۔ وہ نہیں چاہتیں کہ کیوان کے اس خاص دن کی یادیں کسی تلخی، اختلاف یا عدالتی معاملات سے وابستہ ہوں۔
ایمان اسد نے دعویٰ کیا کہ ان کے دروازے رجب بٹ کے لیے ہمیشہ کھلے رہے ہیں۔ ان کے مطابق عید کے موقع پر بھی انہوں نے رجب بٹ کو کیوان سے ملنے سے نہیں روکا تھا، حالانکہ اس سے چند روز قبل انہیں رجب بٹ کی جانب سے طلاق کا نوٹس موصول ہوا تھا۔سابق اہلیہ نے رجب بٹ سے اپیل کی کہ وہ باہمی اختلافات اور دیگر معاملات کو ایک طرف رکھتے ہوئے صرف اپنے بیٹے کے بارے میں سوچیں اور اس کی پہلی سالگرہ میں شرکت کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رجب بٹ چاہیں تو اپنی والدہ، بہن اور دیگر اہل خانہ کو بھی اپنے ساتھ لاسکتے ہیں تاکہ کیوان کی سالگرہ ایک خوشگوار اور یادگار موقع بن سکے۔اپنے پیغام کے اختتام پر ایمان اسد نے عوام سے بھی درخواست کی کہ ان کی نجی زندگی اور کیوان کی خوشیوں کو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع نہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے کو نفرت یا تنازع کے بجائے محبت، توجہ اور خوشیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
ایمان اسد نے دونوں خاندانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے بارے میں بحث کرنے کے بجائے عملی طور پر کیوان کی خوشیوں میں شریک ہوں اور اس کی پہلی سالگرہ محبت، سکون اور خوشی کے ساتھ منائیں۔