پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر بلے باز منیبہ علی والدہ کی علالت کے باعث ایشین گیمز 2026 کے ویمنز کرکٹ ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کے اختتام کے بعد منیبہ علی دبئی سے وطن واپس روانہ ہوگئیں، جبکہ قومی ٹیم کی دیگر کھلاڑی ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ گئی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کے شیڈول اور دستیاب وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے منیبہ علی کے متبادل کھلاڑی کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ناک آؤٹ مرحلے کے میچز 22 ستمبر تک مکمل ہونا ہیں، جس کے باعث متبادل کھلاڑی کی شمولیت کے لیے وقت محدود ہے۔منیبہ علی کی غیر موجودگی میں گل فیروزہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جبکہ بیٹنگ میں بھی وہ اننگز کا آغاز کریں گی۔ گل فیروزہ اس سے قبل تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں بھی وکٹ کیپنگ اور اوپننگ کی ذمہ داریاں انجام دے چکی ہیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے بارش سے متاثرہ کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ قومی ٹیم نے مشکل حالات میں ہدف حاصل کرتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔پاکستان اب ایشین گیمز 2026 کے سیمی فائنل میں سری لنکا کے مدمقابل ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان ویمنز ٹیم فائنل میں رسائی کے لیے میدان میں اترے گی۔